داعش نے اپنے ہی ایک جنگجو کا سر قلم کردیا

بیروت ۔ 20ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) مملکت اسلامیہ العراق و شام یا داعش ( آئی ایس آئی ایس ) انتہاپسند گروپ نے اپنے ہی ایک شامی جنگجو کو برسرعام موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ وہ شام کی فوج کی طرف سے فضائی حملوں کے لئے منتخب مقامات پر بعض خفیہ آلات نصب کرنے کا ملزم تھا۔ اس جہادی گروپ نے ملزم کا ایک ویڈیو فٹیج جاری کیا جس میں ملزم کو ہجوم میں گشت کرواتا ہوا دکھایا گیاتھا ۔ اس ویڈیو فٹیج کو اُس وقت دانستہ طورپر بند کردیا گیا جب آئی ایس آئی ایس کا ایک دوسرا جنگجو ملزم کا سر پیچھے کھینچتے ہوئے اُس کے گلے پر بڑا چھرا رکھ دیا۔ بے رحمانہ انداز میں ملزم کا گلہ کاٹنے کے بعد جہادیوں نے اُس کی نعش کو سڑکوں پر گھسیٹتے ہوئے عوام کو یہ منظر دکھایا ۔ آئی ایس آئی ایس کا الزام ہے کہ شامی فوج کے فضائی حملے میں 190 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور اس شخص نے ہی مبینہ طورپر اس حملہ میں مدد کی تھی۔ شام کی حکومت اکتوبر اور نومبر سے آئی ایس اور دیگر باغی گروپوں کے خلاف اپنے فضائی حملوں میں قوت پیدا کی ہے ۔ صرف 40 دن کے دوران تقریباً 2000 حملوں میں 500 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔