داعش میں شامل حیدرآبادی نوجوان ‘ شام میں لڑائی کے دوران ہلاک

حیدرآباد ۔ 4 مئی ۔ ( سیاست نیوز) داعش میں شمولیت حاصل کرنے والا حیدرآبادی نوجوان شام میں جاری لڑائی میں ہلاک ہوگیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ نوجوان امریکی فورسیز کے حملے میں ہلاک ہوگیا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ 28 سالہ محمد عاطف وسیم ساکن کنگس کالونی شاستری پورم حیدرآبادنے شہر کے ایک مشہور انجینئرنگ کالج سے ڈگری حاصل کی اور جبکہ وہ کار میل کانونٹ ہائی اسکول منچریال سے دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کی اور بعدازاں والدین کے ہمراہ میلار دیو پلی کے علاقہ شاستری پورم منتقل ہوگئے ۔ عاطف ماسٹرس کی ڈگری حاصل کرنے کیلئے لندن گیا ہوا تھا جہاں پر اُس نے آئی ایس کے نظریہ سے متاثر ہوکر داعش میں شمولیت اختیار کی اور شام میں داعش کے جنگجوؤں کے ہمراہ لڑائی میں شریک ہوگیا تھا۔ بتایا جاتاہے کہ گزشتہ سال نومبر میں عاطف لندن کیلئے روانہ ہوا تھا اور اُس نے اپنی تعلیم کے حصول کے دوران ایسے افراد سے ملاقات کی جو داعش میں نوجوانوں کی بھرتی کیلئے اُن کی ذہن سازی کیا کرتے تھے۔ عاطف نے جاریہ سال مارچ میں شام جانے کا ارادہ کرلیا اور وہ بذریعہ ترکی وہاں پہونچنے میں کامیاب ہوگیا۔ قبل ازیں عاطف نے اپنے والد محمد علیم جو رئیل اسٹیٹ تاجر ہیں اور اُن کا تعلق ضلع عادل آباد ‘ منچریال ٹاؤن کے علاقہ گوتم نگر سے ہے کو فون پر بتایاکہ وہ داعش میں شمولیت کیلئے شام روانہ ہورہا ہے ۔ اتنا ہی نہیں عاطف نے اپنی منگیتر جو بی ڈی ایس کی طالبہ ہے کو بھی فون کرکے اس بات کی اطلاع دی اور اُسے مشورہ دیا کہ وہ کہیں اور اپنا جیون ساتھی تلاش کرلیں۔ عاطف کے والد محمد علیم کو اس بات کا علم ہونے پر انھوں نے ریاستی پولیس کے سینئر عہدیداروں کو اس بات سے واقف کروایا لیکن 24 اپریل کو داعش کی جانب سے انھیں ایک میل موصول ہوا جو عربی زبان میں تحریر کردہ تھا ۔ اس میں یہ اطلاع دی گئی کہ اُن کا بیٹا شام میں جاری لڑائی میں ہلاک ہوگیا ہے ۔ انٹلیجنس ایجنسیاں محمد عاطف وسیم کے سوشیل نٹ ورکنگ ویب سائیٹس کا تجزیہ کررہی ہیں تاکہ اس تعلق سے مزید مواد اکٹھا کیا جاسکے۔ عاطف کے قریبی دوستوں اور ساتھیوں سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے تاکہ داعش میں مزید نوجوانوں کی شمولیت سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں۔