داعش سے مبینہ روابط ۔ 8 نوجوانوں سے این آئی کی پوچھ تاچھ

حیدرآباد 7 اگسٹ (سیاست نیوز) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے داعش سے مبینہ رابطہ کے شبہ میں 8 نوجوانوں کو طویل پوچھ تاچھ کے بعد رہا کردیا۔ کل بالاپور کے علاقہ شاہین نگر میں دھاوؤں کے بعد این آئی اے نے مشتبہ نوجوانوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے این آئی اے کے بیگم پیٹ دفتر پر حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ آج صبح نوجوان این آئی اے کے تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو پیش ہوئے جس کے نتیجہ میں اُن سے دن بھر پوچھ تاچھ کی گئی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ 2016 ء میں این آئی اے کے نئی دہلی یونٹ نے 4 نوجوانوں کو داعش کے حامی ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور اِن میں دو کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ این آئی اے نے تحقیقات کے دوران نوجوانوں کی جانب سے ابوظہبی میں مبینہ سازش کرتے ہوئے داعش میں شمولیت کی کوشش کی تھی۔ اس کیس کی تحقیقات میں شدت پیدا کرتے ہوئے این آئی اے کی نئی دہلی ٹیم نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں عبداللہ باسط، معاذ حسن فاروقی، حنان قریشی عبدالقدیر، ثناء اور دیگر نوجوانوں کو این آئی اے دفتر پر طلب کیا تھا۔ عبداللہ باسط اور دیگر دو نوجوانوں کے خلاف سابق میں ایس آئی ٹی پولیس نے داعش سے تعلق ہونے کا ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ این آئی اے نے نوجوانوں سے پوچھ تاچھ کے بعد اُنھیں گھر جانے کی اجازت دی اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ طلب کرنے پر حاضر ہونے کی ہدایت دی۔