دارالعلوم سبیل السلام کی اراضی پر دعوے مسترد

مذکورہ اراضی مدرسہ کا اثاثہ ، مولانا محمد نعمان بدر القاسمی ندوی و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : دینی درس گاہ دارالعلوم سبیل السلام کی انتظامی کمیٹی نے چند دن قبل جناب سید اعزاز الرحمن کی جانب سے دارالعلوم سبیل السلام کی اراضی سے متعلق کئے گئے دعوے کو مسترد کردیا اور عوام بالخصوص مسلمانوں سے اس طرح کے غلط و گمراہ کن بیانات پر اپنے کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے ۔ یہ بات آج یہاں معتمد دارالعلوم سبیل السلام مولانا محمد نعمان بدر القاسمی ندوی ، صدر مدرس مولانا محمد برکت اللہ قاسمی صدر شعبہ نشرو اشاعت مولانا محمد عبدالمنان صدیقی سبیلی ، مدیر صحافت مولانا مفتی تنظیم عالم قاسمی نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ 46 ایکڑ اراضی پر محیط وسیع و عریض دارالعلوم سبیل السلام کا 1972 میں قیام عمل میں لایا گیا جس کے بانی مولانا محمد رضوان القاسمی ہیں اور مذکورہ جائیداد دارالعلوم سبیل السلام مدرسہ کا اثاثہ ہے ۔ جب کہ اس اراضی پر جناب سید اعزاز الرحمن مبینہ طور پر اپنے والد کی زر خرید زمین بتاتے ہوئے محض ادارے کی اراضی پر مبینہ طور پر ناجائز قبضہ کرتے ہوئے مولانا محمد رضوان القاسمی کی شخصیت اور ان کے افراد خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ایک انتہائی غلط بات ہے ۔