دائرۃ المعارف کی صدی تقاریب کا آغاز

فلسطین، ایمن کے ایمبیسڈرس کے علاوہ سرکردہ شخصیتوں کی شرکت

حیدرآباد۔24مارچ(سیاست نیوز) دائرۃ المعارف صدی تقاریب کے ضمن میں منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کا بعنوان دائرۃ المعارف کے کامیابیاں اورتوقعات منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مشیر حکومت تلنگانہ برائے اقلیتی امور جناب اے کے خان ریٹائرڈ آئی پی ایس‘ خصوصی طور پر مدعو پروفیسر ایس رام چندرم وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی‘ مہمان اعزازی ڈاکٹر ویلل اے اے بترکی منسٹر کونسلر وڈپٹی ہیڈ آف مشن ایمبسی آف دی اسٹیٹ فلسطین برائے ہند‘مسٹر جمال عبداللہ الحاج موتھانا ڈپٹی چیف آف مشن ایمبسی ایمن برائے ہند‘ پروفیسر کے ٹی کرشنا رائوکے علاوہ پروفیسر سلیمان صدیقی سابق وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی نے اپنے کلیدی خطاب میں دائرۃ المعارف کی خصوصیات اور عصر حاضرمیںاس کی افادیت پر روشنی ڈالی۔جناب اے کے خان نے کہاکہ دائرۃ المعارف ہند عرب تعلقات میں ایک پل کی حیثیت سے نمایاں کردار کیا ہے۔ دائرۃ المعارف ایک ایسا ادارے ہے جس نے قوم وملت کو بے شمار اسکالرس دئے ہیںجنھوں نے نہ صرف ہند بلکہ برصغیر میںاپنے خطاب کے ذریعہ ملک وملت کا نام روشن کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ صد ر فلسطین یاسرعرفات نے بھی دائرۃ المعارف کا دورہ کرتے ہوئے یہاں کی تحقیقات او رکام کی ستائش کی تھی۔ جناب اے کے خان نے ادارے کے کامیاب سو سال کی تکمیل اور انتظامیہ کی بہتر کارکردگی پر انہیںمبارکباد بھی پیش کی۔اپنے کلیدی خطبہ میں پروفیسر سلیمان صدیقی نے دائرۃ المعارف کے قیام اور عربی لٹریچر کے فروغ کے لئے آصف جاہی حکمرانوں کے گرانقدر کا تعاون کا ذکر کیا۔ آصف جاہ سابع نے چھ ہزار روپئے امداد کا اعلان کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ دائرۃ المعارف کی زیر نگرانی سینکڑوں کتابیں شائع ہوئیںہیں اور کئی ہاتھ سے لکھی تحریرات کا ترجمہ انجام دیا گیا ہے جو ہمارے لئے قابل فخر بات ہے۔قبل ازیں جناب اے کے خان ‘ فلسطین اور یمن کے وفد کے علاوہ دیگر مہمانوں کو بھی کانفرس کے منتظمین کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔