عوام سے پوری سمجھداری کے ساتھ ووٹ دینے کی اپیل ، پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر نے کہا کہ اسمبلی حلقہ خیریت آباد میں اصل مقابلہ سیکولر کانگریس اور فرقہ پرست بی جے پی کے درمیان ہے ۔ عوام کی تھوڑی سی غفلت 5 سال تک کے لیے مصیبت بن سکتی ہے ۔ لہذا کانگریس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے سیکولرازم کو مستحکم کیجئے ۔ ڈی ناگیندر نے آج اسمبلی حلقہ خیریت آباد کے مختلف ڈیویژنس میں پدیاترا کرتے ہوئے کانگریس کی امیدوار سوماجی گوڑہ مسز وی سنگیتا خیریت آباد ڈیویژن کی امیدوار مسز ارونا جیوتی وینکٹیشورا کالونی ڈیویژن کی امیدوار مسز بی بھارتی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی اور کہا کہ کانگریس کا دور حکومت ترقی اور خوشحالی امن بھائی چارگی کا دور تھا جب کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بن جانے کے بعد نفرت کا ماحول گرم ہوگیا ہے ۔ وہ مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک ریاست اور حیدرآباد میں امن و امان کی فضاء کو فروغ دینے کے لیے کانگریس کا انتخاب کریں ۔ بی جے پی نفرت کی سوداگر ہے ۔ ہندوؤں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھا رہی ہے ۔ اس کے پاس ترقی اور غریب عوام کا کوئی ایجنڈہ نہیں ہے ۔ صرف مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف زہر اگلتے ہوئے سنگھ پریوار طاقتور کو مضبوط کررہی ہے ۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں بی جے پی اور تلگو دیشم ناجائز اتحاد کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جذباتی تقاریر سے ہرگز متاثر نہ ہو بلکہ ہمیشہ آپ کے اپنے درمیان رہنے والے کانگریس کے امیدواروں کو کامیاب بنائے ۔ گذشتہ 20 ماہ سے اسمبلی حلقہ خیریت آباد کی ترقی ٹھپ ہو کر رہ گئی منتخب ہونے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی کو کامیاب بنانے والے عوام سے ملنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ وہ کانگریس امیدواروں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں کامیابی حاصل ہونے کے بعد عوامی مسائل کو وہ خود اپنی نگرانی میں حل کرائیں گے اور فرقہ پرستی کے ماحول کو سیکولرازم میں تبدیل کرنے کے لیے اور اقلیتوں کا تحفظ کرنے کے لیے دن رات جدوجہد کریں گے ۔۔