عام سڑکوں پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ اور غلط روڈ ڈیزائننگ اصل وجہ
حیدرآباد 28 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) گاڑیوں کی بڑھتی رفتار اور ٹریفک شعور سے عدم آگاہی کے باعث خیریت آباد ( سنٹرل زون ) کو شہر کے سب سے زیادہ حادثات والے مقام سے تعبیر کیا گیا ہے ۔ دکن کالج آف انجینئرنگ سے ملحقہ عثمانیہ یونیورسٹی کے پروفیسر کے مطابق جی آئی ایس اے ایس اسپیشل انالائنزر آف اربن ٹرافک ایکسڈنٹ اسٹڈی کے مطابق بہ نسبت چارمینار علاقہ کے ایل بی نگر ، سیری لنگم پلی ، کوکٹ پلی اور سکندرآباد ، خیریت آباد ایسے علاقے ہیں جہاں سب سے زیادہ ٹرافک حادثات ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔ شہر میں جی آئی ایس کی مدد سے میاں پور تا کوکٹ پلی ، دلسکھ نگر تا چادر گھاٹ ، آر ٹی سی ایکس روڈ تا سکندرآباد ، افضل گنج تا پرانا پل ایسے علاقے شمار کئے گئے ہیں جہاں زیادہ ٹریفک جام ریکارڈ کیا گیا ۔ حادثات کا اہم سبب بڑی گاڑیوں کا داخلہ اور غلط روڈ ڈیزائنگ ہیں ۔ عام طور پر بڑی گاڑیاں عام ٹریفک میں داخل ہوجاتی ہیں جس کی وجہ ٹریفک جام اور حادثات کی شکل میں سامنے آتا ہے ۔ دوسری وجہ گاڑیوں کو بطور ایمرجنسی سڑکوں کے کنارے ٹھہرا دینا ہے ٹرافک پولیس کے ماہ جون کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ماہ میں 750 حادثات بڑی گاڑیوں کی وجہ سے وقوع پذیر ہوئے ۔ دوسرا مقام دو پہئیہ گاڑیوں کا آتا ہے جن کے 457 حادثات ریکارڈ کئے گئے ۔ بڑی گاڑیوں میں بسیس حادثات کا اہم سبب ہیں اور رپورٹ کی سفارشات میں کہا گیا کہ دریافت کیا جائے کہ آخر وہ کونسی وجوہات ہیں جس کی بناء پر بڑی بسیں حادثات کا اہم سبب ہیں۔ زیادہ تر حادثات شہر کی حدود میں وقوع پذیر ہوتے ہیں جو عام طور پر غیر مہلک ہوتے ہیں جس کی اہم وجہ دھیمی رفتار ہے ۔