خیرسگالی کا ماحول برقرار رہے گا پٹھان کوٹ حملہ پر پاکستان کا بیان

اسلام آباد ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈہ پر پیش آئے دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور کہا کہ حال ہی میں اعلیٰ سطح پر دونوں ممالک کے درمیان یہاں جو خیرسگالی کا ماحول تیار ہوا تھا، اسے بہرصورت برقرار رکھا جائے گا۔پاکستان نے کہا کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ہندوستان کے ساتھ ملکر کارروائی کا پابند عہد ہے ۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان پٹھان کوٹ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے ۔ دہشت گردوں نے اس کارروائی کے ذریعہ قیمتی انسانی جانوں کو تلف کیا ہے ۔ انہوں نے مہلوکین کے ارکان خاندان سے تعزیت کی اور زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کی توقع ظاہر کی ۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ جیش محمد نے یہ کارروائی کی ہے ۔ آج تقریباً 3.30 بجے صبح کئے گئے حملے میں تین سکیورٹی اہلکار بشمول ایک گارڈ کمانڈو ہلاک ہوگئے ۔ سکیورٹی فورسیس نے 5 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا ۔