خیبر ایجنسی: جیٹ طیاروں کی بمباری، 13 شدت پسند ہلاک

پشاور، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) خیبر ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 13 شدت پسند ہلاک اور شدت پسندوں کے 6 ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تحصیل جمرود کے علاقے راج گل میں سکیورٹی فورسز نے جیٹ طیاروں کی مدد سے شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 13 شدت پسند ہلاک اور شدت پسندوں کے 6 ٹھکانے تباہ ہو گئے جبکہ شمالی وزیرستان میں ایک مرتبہ پھر کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد علاقے سے لوگوں کا انخلا رک گیا ہے۔ ادھر خیبر ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل جمرود کے علاقے پاک درہ میں گزشتہ صبح جیٹ طیاروں کی بمباری کے دوران ولی خان نامی شخص کی بیوی، اس کی 3 بیٹیاں اور 2 بیٹے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔