حیدرآباد، 26؍ ستمبر (یواین آئی)آل انڈیا اسمال اسکیل انڈسٹریز مائنارٹیز کمیٹی نے خود کماؤ خود کھاؤ اسکیم کے تحت اتوار 30ستمبر سے شہر حیدرآباد کی مختلف بستیوں میں خود روزگار کے تربیتی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کمیٹی کے صدر ایس زیڈ سعیدنے کہا کہ اس سے پہلے کمیٹی نے ہفتہ میں ایک مرتبہ ایک بستی کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر اب عوام کے اصرار اور اشتیاق کی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا ہے ہر روز ایک بستی کا دورہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ خود کماؤ خود کھاؤ پروگرام کو نہ صرف ریاست بلکہ ملک بھر میں مقبولیت حاصل ہوتی جارہی ہے بلکہ بیرون ملک سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور ان کو ای میل کے ذریعہ اسکیم کی تفصیلات اور دیگر امور روانہ کئے جارہے ہیں۔مسٹر سعیدنے کہا کہ کمیٹی مختلف سرکاری اسکیموں کے تعلق سے بھی شعور بیدار کررہی ہے اور عوام کو اس بات سے واقف کروارہی ہے کہ مختلف سرکاری اداروں اور بینکوں سے لون کس طرح حاصل کیا جائے ۔اس سلسلہ میں کمیٹی رضاکارانہ خدمات انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ہزاروں افراد نے اپنے نام رجسٹر کروائے ہیں ۔فیس بک پر بھی کمیٹی کے نام یا خود کماؤ خود کھاؤ کے نام سے تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔ جو افراد اپنے علاقہ میں کیمپ کروانا چاہتے ہوں وہ فون نمبر 98499 32346 پر مزید تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔