فتح گڑھ صاحب 18 جون (سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج قرضوں کے بوجھ سے دبے ہوئے پنجابی کاشتکار کے ارکان خاندان سے ملاقات کی۔ اس کاشتکار نے گذشتہ ہفتہ خودکشی کرلی ہے ۔ ایک ماہ قبل وہ نائب صدر کانگریس سے ملاقات کر کے انہیں غیر موسمی بارشوں کی وجہ سے کاشتکاروں کو درپیش مشکلات کے بارے میں نمائندگی کرچکا تھا ۔ راہول نے دادو وال دیہات میں آج صبح کاشتکار کے ورثاء سے ملاقات کی اور 60 سال سرجیت سنگھ کے ورثاء کو ہر ممکن مدد کا تیقن دیا ۔ سرجیت سنگھ نے 28 اپریل کو سرہند میں راہول گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب شرومنی اکالی دل نے آج نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کو مشورہ دیا کہ وہ پنجاب کی کاشتکار برادری کے مصائب پر سیاست نہ کریں اور اپنی ناکامی کی خوداحتسابی کریں۔ اس کے بجائے وہ پنجاب کے ایک خودکشی کرنے والے کاشتکار کے ورثا سے ملاقات کرکے اس کے مصائب میں اضافہ کررہے ہیں۔ شرومنی اکالی دل کے جنرل سکریٹری مہیش اندر سنگھ گریوال نے اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا کہ یہ واضح ہیکہ راہول گاندھی کاشتکاروں کی خودکشیوں کے حساس مسئلہ پر بھی سیاست کررہے ہیں۔ راہول گاندھی پر اس سخت تنقید سے اس حقیقت کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ سرجیت سنگھ کے ارکان خاندان سے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کی ملاقات کو روکنا چاہتے تھے۔