خواتین کی حفاظت کیلئے موبائیل ایپ متعارف ، جی پی آر ایس اور انٹرنیٹ کے بغیر بھی کارکرد

حیدرآباد ۔ 23 اگسٹ ۔ (پی ٹی آئی) خواتین کے تحفظ و سلامتی کے مقصد پر مبنی ایک ایسے موبائیل اپلیکیشن کا آج یہاں آغاز کیا گیا جو جی پی آر ایس اور انٹرنیٹ کے بغیر بھی کام کرسکتا ہے ۔ ڈسمبر 2012 ء کے دوران دہلی میں اجتماعی عصمت ریزی کی شکار لڑکی کے والدین نے یہ ایپ ”I Feel Safe” متعارف کیا ہے ۔ نربھئے جیوتی ٹرسٹ یہ موبائیل ایپ چلارہا ہے ۔ یہ ادارہ اُن خواتین کی مدد کے لئے قائم کیا گیا ہے جو (خواتین)اپنے رہنے کیلئے مقام کی تلاش کے دوران جنسی و دیگر نوعیت کا سامنا کررہی ہیں۔ اسمارٹ فون کے استعمال کنندگان کیلئے یہ شخصی حفاظت کا ایک ایپ ہے جو موبائیل اسٹینڈرڈس الائینس آف انڈیا کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔یہ ایپ قومی ایمرجنسی نمبر 100 پر ازخود کال کرتا ہے اور جنسی یا دیگر تشدد کی امکانی شکار کسی بھی لڑکی کے مقام کی اندرون 30 سکینڈ نشاندہی کرتے ہوئے ایمرجنسی کال سنٹر ٹیم کے رابط کو یقینی بناتی ہے ۔ یہ ایپ بیک وقت سارے ملک میں کام کرتا ہے ۔