بین الاقوامی یوم عالمی خواتین کے موقع پر جسٹس راج شیکھر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔8 مارچ (سیاست نیوز) جسٹس ہائی کورٹ اے پی و تلنگانہ جسٹس اے راج شیکھر ریڈی نے کہا کہ عالمی سطح پر امن کے فروغ میں خواتین اپنا اہم کردار اس وقت ہی ادا کرسکتی ہیں تاوقتیکہ خواتین کو تمام شعبہ حیات میں مناسب نمائندگی اور مساویانہ حقوق فراہم نہ کئے جائیں۔ جسٹس راج شیکھر ریڈی نے ’’انٹرنیشنل ویمنس ڈے‘‘ کے ضمن میں کالج آف لا عثمانیہ یونیورسٹی کے زیراہتمام انٹرنیشنل ویمن پیس گروپ نیو انڈیا ڈیولپمنٹ اسوسی ایشن جے پی راجو فاؤنڈیشن کے تعاون سے لا کالج سمینار ہال میں منعقدہ سمینار بعنوان ’’عالمی منظرنامہ میں عالمی امن کے فروغ میں خواتین کا رول‘‘ بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دورحاضر میں خواتین کو کئی اہم چیالنجس کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے خواتین کو سیاسی، سماجی، معاشی اور تعلیمی میدانوں میں مناسب نمائندگیاں دیتے ہوئے خواتین کو اہم عہدوں پر فائز کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحتمند سماج کی تشکیل میں خواتین کا اہم کردار ہوا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں خواتین کو مناسب نمائندگی کے علاوہ مختلف سرکاری محکمہ جات کے اہم عہدوں پر فائز کیا جائے تو وہ خواتین کو درپیش مسائل پر قابو پانے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ اس موقع پر ریٹائرڈ جج اے پی ہائیکورٹ جسٹس وامن راؤ، پرنسپل لا کالج آف عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر کے پنتھ نائیک، امباسڈر آف ورلڈ پیس مسٹر جے بی راجو، اسلامک ریسرچ اسکالر شریا کنسلٹنٹ مفتی عمر عابدین، ہیڈ ڈپارٹمنٹ آف لا عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر وشنو پریا، وائس پرنسپل ڈاکٹر وجیا لکشمی، سابق پرنسپل پروفیسر جی بی ریڈی ، ڈاکٹر این وینکٹیشورلو، وائی ایم وائی ایس آر مورتی، گیتاچودھری، ایم ایس تنمائی امباٹی اور مسٹر روی کمار نے بھی مخاطب کرتے ہوئے عالمی سطح پر امن کے فروغ میں خواتین کا رول اور خواتین پر ہونے والے مظالم پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کالج آف لا عثمانیہ یونیورسٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جسٹس راج شیکھر ریڈی، جسٹس وامن راؤ کو تہنیت پیش کی گئی جبکہ جسٹس راج شیکھر ریڈی نے وائس پرنسپل ڈاکٹر وجئے لکشمی، سینئر اسسٹنٹ ستیہ بھاما، پرنسپل لا کالج کے پنتھ نائیک، گیتا چودھری اور مس تنمائی امباٹی کو بھی تہنیت پیش کیا۔