محکمہ لیبر و ایمپلائمنٹ کی عالمی یوم خواتین تقریب، بنڈارو دتاتریہ، کے کویتا، پدما دیویندر ریڈی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 8 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر و ایمپلائمنٹ نے کہاکہ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت ملک کی خواتین کو تمام شعبہ جات میں مناسب نمائندگیاں دیتے ہوئے انھیں سیاسی، سماجی، معاشی اور تعلیمی میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ مساویانہ حقوق فراہم کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ خواتین پر ہونے والے مظالم اور ناانصافیوں کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکے۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ آج یہاں محکمہ لیبر و ایمپلائمنٹ کے زیراہتمام منعقدہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر صدارتی خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے بتایا کہ سماج میں لڑکی کی پیدائش کو منحوس سمجھا جارہا ہے اور کہاکہ بعض افراد کی جانب سے مادر رحم میں لڑکی کی نشونما کے انکشاف پر حمل ساقط کروادیا جارہا ہے جو ایک انتہائی معیوب بات ہے۔ ہمارے ملک میں لڑکی کی پیدائش پر ناراضگی اور مادر رحم میں ہی لڑکیوں کی نسل کشی کا رجحان عام ہوتا چلا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں ملک میں خواتین کی تعداد میں کمی واقع ہوتی جارہی ہے۔ ملک میں لڑکیوں کی نسل کشی کے پیش نظر وزیراعظم مسٹر نریندر مودی نے ’’بیٹی بچاؤ ۔ بیٹی پڑھا‘‘ کا نعرہ دیتے ہوئے ملک میں ہونے والی لڑکیوں کی نسل کشی پر قابو پاتے ہوئے خواتین کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف اسکیمات کا احیاء کیا ہے۔ ملازمت کے دوران میٹرنٹی بنیفٹ ایکٹ پر بھی مؤثر عمل آوری کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ خواتین پر ہونے والے مظالم پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ شریمتی پدما دیویندر ریڈی نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ خواتین کو مناسب تحفظات فراہم کرتے ہوئے خواتین کے تحفظ اور انھیں ان کے جائز حقوق حاصل کرنے کیلئے جامع قانون مدون کرے تاکہ خواتین میں موجود پوشیدہ صلاحیتوں کے ذریعہ ملک کی ترقی اور سماج سدھار کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنھوں نے ملک میں لڑکیوں کی آبادی کے تناسب میں کمی پر اظہار افسوس کیا۔ رکن پارلیمان شریمتی کے کویتا نے کہاکہ اگر مرکزی حکومت خواتین بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرے گی تو مرکزی حکومت کو ٹی آر ایس کی بھرپور تائید و حمایت حاصل رہے گی۔ رکن پارلیمان شریمتی گونڈو سدھارانی نے مرکزی حکومت سے خواہش کی کہ وہ خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں کیونکہ خواتین میں کئی فنی صلاحیتیں موجود رہنے کے باوجود انھیں کم اُجرت پر کام لیا جاتا ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی رامچندرا ریڈی چیرپرسن نیشنل کمیشن آف پروٹیکشن چائیلڈ رائٹس شریمتی شانتا سنہا، صدر بی جے پی مہیلا مورچہ، تلنگانہ شریمتی پدمجا ریڈی، سینئر جرنلسٹ شریمتی اوما سدھیر کے علاوہ مختلف تنظیموں سے وابستہ خواتین شریمتی جیا، اوپلا شانتا، گیتا چودھری، منجو لتا، کرونا گوپال، دیپیکا، ملاوت پورنا نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر مختلف خواتین تنظیموں کی جانب سے مرکزی وزیر مسٹر بنڈارو دتاتریہ کو تہنیت پیش کی گئی۔ بعدازاں مرکزی وزیر نے بھی خواتین کی فلاحی تنظیموں سے وابستہ خواتین کی بہترین کارکردگی پر تہنیت پیش کی۔