خواتین کو قلم کی طاقت سے اپنے وجود کا احساس دلانے کا مشورہ

محفل خواتین کے ماہانہ اجلاس سے محترمہ قمر جمالی اور ڈاکٹر فاطمہ شہناز کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل : ( راست ) : خواتین اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو باہر لائیں اور قلم کو ایک طاقتور ہتھیار بنائیں تاکہ وقت پڑنے پر اس سے تلوار کا کام لے سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار صدر جلسہ محترمہ قمر جمالی نے کیا جو محفل خواتین کے ماہانہ اجلاس کو مخاطب کررہی تھیں ۔ یہ اجلاس 8 اپریل کو حمایت نگر میں منعقد ہوا ۔ مہمان خصوصی محترمہ طاہرہ کمال تھیں ۔ ادبی اجلاس میں محترمہ نسیمہ تراب الحسن نے جناب آغا حیدر حسن کے فن و شخصیت پر روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر فاطمہ شہناز جو جناب آغا حیدر حسن کی نواسی ہیں آغا کی زندگی کے مختلف گوشوں سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ غیر معمولی شخصیت کے مالک تھے ۔ دلی کی زبان میں کئی کتابیں تحریر کیں جن میں نسوانی رنگ جھلکتا ہے ۔ اس موقعہ پر محترمہ تنویر الطاف علی کی تصنیف ’ گلدستہ حیات ‘ کی رسم اجراء پروفیسر حبیب ضیا نے انجام دی ۔ محترمہ تسنیم جوہر نے تنویر الطاف کا تعارف کرایا ۔ محترمہ ثریا جبین نے تنویر کے فن کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے مضامین کا مکمل احاطہ کیا ۔ محترمہ درخشاں انصاری نے بھی مخاطب کیا ۔ محترمہ مظفر النساء ناز نے محفل کی جانب سے تنویر کو تہنیت پیش کی ۔ بزم علم و ادب شعبہ خواتین کی جانب سے جوائنٹ سکریٹری رفیعہ نوشین نے مبارکباد دی ۔ محترمہ عطیہ نور الحق ، شبینہ فرشوری ، نکہت آرا شاہین نے شال پوشی کی ۔ محترمہ عزیزہ محبوب نے تہنیتی قطعات فریم کی شکل میں پیش کئے ۔ آخر میں محترمہ تنویر الطاف نے تمام مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقعہ پر نواب میر اکبر علی خاں سابق گورنر اڑیسہ کی دختر محترمہ فیض النساء ایڈوکیٹ کے علاوہ دانشوران و طالبات اور ادب دوست خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔۔