خواتین پر مظالم کے انسداد کیلئے میڈیا کیساتھ حکومت کی مہم

حیدرآباد 16 ستمبر (پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ نے کمسن لڑکیوں اور خواتین کے خلاف وحشیانہ جرائم پر کنٹرول و انسداد کے لئے موجود قوانین اور ضابطوں پر مؤثر عمل آوری کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے مقصد سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ مہم چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ سینئر آئی اے ایس آفیسر پونم مالکونڈیا کے زیرقیادت حکومت کی طرف سے تشکیل شدہ ایک خصوصی کمیٹی نے آج یہاں سکریٹریٹ میں سینئر ورکنگ جرنلسٹس سے ملاقات کی اور حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات سے باخبر کیا۔ یہ خصوصی کمیٹی کام کے مقامات اور دیگر جگہوں پر خواتین اور لڑکیوں کو درپیش تحفظ و سلامتی کا جائزہ لینے کیلئے تشکیل دی گئی تھی۔ مسٹر مالکونڈیا نے اجلاس کے دوران اپنے ابتدائی ریمارکس میں کہاکہ ’’سماج کی تبدیلی میں میڈیا کا کلیدی رول ہے چنانچہ وہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے رجوع ہوئے ہیں‘‘۔ اِس اجلاس میں الیکٹرانک اور میڈیا پرنٹ کے بعض گوشوں کی جانب سے خواتین کو منفی رول میں پیش کئے جانے کا تذکرہ بھی کیا۔