خواتین سے چھیڑ چھاڑ پر شی ٹیم کے ہاتھوں نوجوان گرفتار

حیدرآباد۔/2مئی، ( سیاست نیوز) خواتین سے چھیڑ چھاڑ میں ملوث ایک نوجوان کو شی ٹیم نے سکندرآباد بس اسٹیشن پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 سالہ محمد فضل ساکن فاطمہ نگر وٹے پلی سکندرآباد بس اسٹاپ پر خاتون مسافرین سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے ان کے موبائیل فون نمبرات حاصل کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ شی ٹیم نے اس کی حرکت کی ویڈیو گرافی کی اور اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ سکندرآباد کی عدالت میں پیش کئے جانے کے بعد مجسٹریٹ نے اسے تین دن کی سزا اور 50 روپئے جرمانہ عائد کیا۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں سابق بوائے فرینڈ کی ہراسانی سے تنگ آکر ایک لڑکی نے شی ٹیم سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 20سالہ ایم سونو ساکن ضیاء گوڑہ اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو ہراساں کررہا تھا ۔ شی ٹیم نے اسے گرفتار کرکے نامپلی کورٹ میں پیش کیا جس پر اسے چار دن کی سزا سنائی گئی۔