تعلیمی اداروں کے قریب تعیناتی، ایڈیشنل کمشنر کرائم شریمتی سواتی لکرا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست نیوز) شہری خواتین سے چھیڑچھاڑ اور انہیں ہراساں کرنے والوں کے خلاف جاری "SHE” شی مہم میں پولیس نے شدت پیدا کردی ہے اور ٹیم کی کارکردگی کو کالجس اور تعلیمی اداروں تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات شریمتی سواتی لکرا ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائم حیدرآباد نے بتائی۔ انہوں نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 24 اکٹوبر کو اس شی ٹیم مہم کا آغاز کیا گیا تھا اور تاحال 40 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جن میں کمسن اور زائد عمر کے افراد بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب ایک سو شی ٹیموں کو حرکت میں لایا جارہا ہے جو شہر کے مختلف اور تقریباً ایسے علاقوں کا احاطہ کریں گی جہاں خواتین سے چھیڑچھاڑ اور انہیں ہراساں کرنے کی سابقہ اور موجودہ شکایتیں پائی جاتی ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر کرائم نے بتایا کہ ایک ٹیم میں ایک سب انسپکٹر ایک اے ایس آئی ہیڈ کانسٹیبل دو کانسٹیبل اور ایک خاتون پولیس ملازم شامل رہیں گی اور ان علاقوں میں سادہ لباس میں اپنی کارکردگی کو انجام دیں گی۔ ہر ایک ٹیم کے یہاں ویڈیو ریکارڈ ڈبنگ کی سہولت رہے گی اور پہلے ثبوت اور بعد میں کارروائی کی پالیسی کو اپنایا جائے گا۔ خواتین سے چھیڑچھاڑ کی ہر حرکت کی پہلے ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی تاکہ بعد میں قصوروار اپنی حرکت سے انکار نہ کرسکے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین سے چھیڑچھاڑ، زبردستی دھکہ دینا، قابل اعتراض فقرے اور طعنے دینا، جنسی استحصال کی باتیں کرنا، جیسی ہر حرکتوں کا احاطہ کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد تشہیر کو بھی اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شی ٹیم کا مقصد حیدرآباد کو جرائم سے پاک ایک پرامن بالخصوص خواتین کیلئے پرسکون شہر بنانی کی پالیسی کا ایک حصہ ہے۔