خلیج میں ملازمت کے نام پر جنسی استحصال کا الزام

حیدرآباد ۔ /14 ڈسمبر (سیاست نیوز) ملازمت کی تلاش میں خلیجی ممالک جانے والی خواتین کا جنسی استحصال اور ہراساں کرنے کا انکشاف ہوا ۔ دو رشتہ کی بہنوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر ابوظہبی بھیجا گیا جہاں پر ان پر زیادتی اور ظلم کیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب آندھرا کے ضلع گنٹور سے تعلق رکھنے والی حسینہ بیگم اور اس کی رشتہ کی بہن ممتاز بیگم کو جاریہ سال نومبر میں بارکس کے ساکن ایجنٹس امتیاز اور فاطمہ نے انہیں گھریلو خادمہ کی ملازمت دلانے کے بہانے ابوظہبی بھیجا تھا ۔ جہاں پر ان کا جنسی استحصال کیا گیا اور انہیں اذیتیں دی گیئں ۔ ابوظہبی سے لوٹنے والی دو بہنوں نے آج اپنی داستان ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا کو سنائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ابوظہبی میں ایک مکان میں محروس رکھا گیا تھا جہاں پر ان کا جنسی استحصال کیا گیا اور انہیں کھانے سے بھی محروم رکھا گیا ۔ مبینہ ہراسانی کے سبب ممتاز بیگم قلب کے امراض کا شکار ہوگئی اور اسے فوری حیدرآباد بھیج دیا گیا تھا جہاں پر اس نے ہراسانی کی داستان بیان کی ۔ ڈی سی پی کی ہدایت پر چندرائن گٹہ پولیس نے امتیاز و فاطمہ کے خلاف جبراً وصولی اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔