چینائی ۔ 7اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) خلیج بنگال میں ایک نمایاں ہوا کا کم دباؤ قائم ہونے سے امکان ہے کہ اس میں آئندہ 36گھنٹوں میں مزید شدت پیدا ہوجائے گی ۔ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو سمندر میں جانے کے خلاف خبردار کیا ہے اور 9اکٹوبر تک سمندر میں دور تک نہ جانے کا مشورہ دیا ہے ۔ انڈومان کے شمال اور خلیج بنگال کے جنوب مشرقی علاقہ میں ہوا کا کم دباؤ پیدا ہوا ہے اور آئندہ 72 گھنٹوں میں اس کی اڈیشہ کے ساحل کی جانب پیشرفت کا امکان ہے ۔ شنکرا کوول اور امبا سمدرم میں آج فی کس پانچ سنٹی میٹر سریپور اور ٹینکہ میں 7منٹی میٹر فی کس ‘کتہ گری سین کوٹائی ‘ پڈوکوٹائی اور تریپوونم میں فی کس 6سنٹی میٹر بارش ہوئی ۔ آئندہ 24گھنٹوں میں اوسط شدت کی برسات توقع ہے کہ ٹاملناڈو اور پوڈیچری کے کئی حصوں میں ہوگی ‘ جبکہ کنیا کماری اور ترونل ویلی ‘ ڈنڈیگل اور تھینی میں زبردست بارش ہوسکتی ہے ۔ چینائی اور اس کے مضافات میں ہلکی سے لیکر زبردست بارش آئندہ 24گھنٹوں میں چند مقامات پر متوقع ہے ۔ موجودہ ماحولیاتی حالات شمال مشرقی مانسون کے ریاست میں آغاز کا اشارہ دے رہے ہیں ۔ ڈپٹی ڈائرکٹر آر ایم ڈی نے کہا کہ ہوا کا گہرا کم دباؤ جنوبی بحرعرب میں فی الحال 920 کلومیٹر اور شمال مغرب میں لکشادیپ کے قریب شدت اختیار کررہا ہے اورآئندہ 24گھنٹوں میں اس کی پیشرفت متوقع ہے ۔ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جنوبی اور وسطی بحرعرب میں 12اکٹوبر تک ماہی گیری نہ کریں یا کم از کم دور تک نہ جائیں ۔