خلیج بنگال میں ہواؤں کے دباؤ میں کمی ‘تلنگانہ میں بارش کا امکان

حیدرآباد ۔28مئی ( این ایس ایس ) محکمہ موسمیات نے کہا ہیکہ جنوب مغربی مانسون نے جنوب مشرقی بحیرہ عرب ‘ کمورین ‘ مالدیپ‘ جنوب مغربی ‘ خلیج بنگال ‘ جنوب مشرقی خلیج بنگال کے اکثر علاقوں ‘ بحیرہ انڈا مان ‘ جزائر انڈا مان و نکوبار کی سمت مزید پیشرفت کی ہے ۔ اس کے اثر سے مشرقی وسطی خلیج بنگال اور پڑوسی علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی ہورہی ہے جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں آئندہ پانچ دن کے دوران طوفانی ہواؤں ‘ گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ہندوستانی محکمہ موسمیات نے جنوب مغربی مانسون کے معمول سے چار دن قبل آغاز کی پیش قیاسی کی تھی اور کہا تھا کہ رواں سال کا مانسون 28مئی کو جزائر انڈامان سے ٹکرانے کے بعد کیرالا کی سمت پیشرفت کرسکتا ہے۔