خلیجی ورکرس کیلئے 500 کروڑ کارپس فنڈ کا وعدہ : وینکٹ ریڈی

حیدرآباد 2 نومبر ( این ایس ایس ) سینئر کانگریس لیڈر و سابق وزیر کے وینکٹ ریڈی نے آج کہا کہ پارٹی کی جانب سے خلیج سے واپس ہونے والے ورکرس کیلئے 500 کروڑ روپئے کے کارپس فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جو خلیجی ورکرس کسی حادثہ میں جان گنوا بیٹھیں ان کیلئے 5 تا 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیا بھی فراہم کی جائیگی ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کانگریس کی منشور کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے 1000 کروڑ روپئے کے کارپس فنڈ کے قیام کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے عوام کو دھوکہ دیا ہے اور اس وعدہ کو پورا نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت نے اب تک خلیجی متاثرین سے انصاف نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 10 لاکھ افراد روزگار کی تلاش میں خلیجی ممالک کو منتقل ہوئے تھے اور کانگریس حکومت خلیج کے تمام ورکرس کی فلاح و بہبود کے اقدامات کریگی ۔