خلیجی ممالک کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے امریکہ کا عزم

واشنگٹن 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کے باوجود امریکہ خلیجی ممالک کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما اور خلیج تعاون کونسل کے رہنماوں کے درمیان کیمپ ڈیوڈ میں مذاکرات ہوئے۔ جس میں سعودی عرب، کویت، قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات اور عمان کے رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر بارک اوباما نے خلیجی رہنماوں کو ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کے بارے میں تفصیل سے اگاہ کیا اور ممکنہ جوہری معاہدے کے حوالے سے ان کی تشویش دور کرنے کی کوشش کی۔ وائٹ ہاوس کے ڈپٹی نیشنل سکیورٹی مشیر بین روڈز کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات امریکی پالیسی کا جھکاو نہیں، بلکہ یہ جوہری معاہدے تک محدود ہیں اور اس کا مقصد خطے کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ امریکہ ایران کے جوہری پروگرام پر خلیجی ممالک کی جانب سے تعاون کا خیر مقدم کرے گا۔