خلا میں ہندوستان کا پرچم پھر لہرایا،تین مداروں والی مہم کامیاب

سری ہری کوٹا (آندھرا پردیش) یکم اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کو ’مشن شکتی‘ کے بعد خلا میں پیر کو اس وقت ایک اور بڑی کامیابی ملی جب ہندوستانی خلائی تحقیق تنظیم (اسرو) نے پہلی مرتبہ تین مختلف مداروں میں سیٹلائٹ کو لانچ کرنے والے پي ایس ایل وی – سی 45 سے پرائمری سیٹلائٹ ایمی سیٹ کے ساتھ 28غیر ملکی نینو سیٹلائٹ کو ستیش دھون خلائی مرکز سے خلا میں چھوڑا اور 17منٹ کے اندر ایمی سیٹ اپنے مدار لانچ ہوگیا اور تقریباً 100منٹ کے اندر سبھی غیر ملکی سیٹلائٹ بھی مدار میں لانچ کردئے گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مصنوعی سیارچے نصب کرنے والے پی ایس ایل وی -45اپنی 47ویں مہم کے تحت دوسرے لانچ پیڈ سے صبح 9 بج کر 27 منٹ پر پرواز بھری۔ لانچ کے سرکاری بورڈ کی منظوری ملنے کے بعد کل صبح اس مشن کے لئے الٹی گنتی شروع ہوئی۔اس دوران مختلف مراحل کے لئے چار اسٹیج والی لانچ گاڑی میں ایندھن بھرنے کا کام کیا گیا اور پورے 27گھنٹے کی الٹی گنتی کے بعد پی ایس ایل وی -سی-45 نے اپنی 47ویں مشن کے تحت آج طے وقت پر کامیابی کے ساتھ اڑان بھری۔انہیں زمین کی تین الگ الگ مداروں میں لانچ کرکے اسرو نے خلائی سائنس کے شعبہ میں کئی تجربے کئے ۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل وی -سی 45نے 17منٹ کی اڑان کے بعد ایمی سیٹ کو کامیابی کے ساتھ سن ۔سنکرونس پولر آربٹ میں قائم کردیا اور تقریباً 100منٹ کے اندر 28غیرملکی سیٹلائٹس کو بھی مدار میں لانچ کردیا۔ اسرو اور دفاعی تحقیق اور ترقی تنظیم(ڈی آر ڈی او)نے مشترکہ طورپر اس سیٹلائٹ کو بنایا ہے۔ اس سے سرحد پر رڈار اور سنسر پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ الیکٹرونک نقشہ بھی آسانی سے بنایا جاسکے گا ایمی سٹ کا وزن 436کلوگرام ہے اور اس کا مقصد الیکٹرومیگنیٹک اسپیکٹرم کو ناپنا ہے ۔یہ ڈی آر ڈی او کا الیکٹرونک انٹلیجنس سیٹلائٹ ہے اور 28نینو سیٹلائٹ لیتھوآنیا، اسپین، سوٹزرلینڈ اور امریکہ کے ہیں جن کا لانچ تجارتی پروگرام کے تحت کیاگیاہے ۔ اس کے علاوہ پی ایس ایل وی اپنے ساتھ تین پائلٹ پے لوڈ بھی لے گیا ہے ۔