واشنگٹن ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن () پر سوار چھ خلاء باز اپنی زندگی کا ایک ایسا تجربہ حاصل کریں گے جو شاید ہی کسی نے حاصل کیا ہو۔ خلاء میں رہتے ہوئے ہر 90 منٹ کے بعد وہ زمین کے مدار میں داخل ہوں گے اور اس طرح وہ ایک دو بار نہیں بلکہ نئے سال کو 16 بار رونما ہوتے دیکھیں گے۔ بہ الفاظ دیگر 16 بار سورج کو طلوع اور غروب ہوتے دیکھیں گے جو زمین سے صرف 402 کیلو میٹر اوپر ہوں گے۔ یو ایس اسپیس ایجنسی نے اپنے بلاگ پوسٹ میں یہ بات بتائی۔ تین امریکی خلاء باز ، دو روسی کاسموناٹس اور ایک جاپانی خلاء باز 2017ء کے آخری ہفتہ اس کارنامہ کو انجام دیں گے۔ نئے سال سے قبل خلاء باز لائف سائنس اسٹڈیز کی تحقیق کررہی ہے جس کے ذریعہ مشن کے ڈاکٹرس خلاء بازوں کو ہمیشہ صحتمند اور توانا رکھیں گے۔
بنگلہ دیش کا جنوری میں ایک لاکھ روہنگیاؤں کو میانمار واپس بھیجنے کا فیصلہ
کاکس بازار (بنگلہ دیش)۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں میانمار سے آئے پناہ گزینوں کی تعداد تو 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے لیکن اب بنگلہ دیش بھی اس بات کا خواہاں ہے کہ روہنگیا پناہ گزینوں کو مرحلہ وار دوبارہ میانمار بھیج دیا جائے جس کیلئے سب سے پہلے مرحلہ میں ایک لاکھ روہنگیا پناہ گزینوں کو میانمار بھیجنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ دریں اثناء سینئر وزیر عبیدالقادر نے بتایا کہ میانمار حکام کو ایک لاکھ روہنگیاؤں کے ناموں کی ایک فہرست روانہ کی جائے گی تاکہ دونوں حکومتوں کے درمیان معاہدہ ہوجانے کے بعد جنوری کے اوائل سے ہی روہنگیا پناہ گزینوں کو میانمار واپس بھیجنے کا عمل شروع ہوجائے گا۔ یاد رہیکہ میانمار میں بدھسٹوں نے روہنگیا مسلمانوں کا عرصۂ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ ان پر ظلم و جبر کیا جارہا ہے اور خواتین کی عصمت ریزی کے علاوہ ان کے مواضعات کو بھی نذرآتش کیا جارہا ہے۔