خفیہ فلمبندی کیس میں فیب انڈیا کے عہدیداروں کی ضمانت

پناجی ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام) : گوا کی عدالت نے آج عریانیت کیس میں فیب انڈیا کے 7 عہدیداروں بشمول چیف اکزیکٹیو آفیسر اور مینجنگ ڈائرکٹر کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری 23 اپریل تک منظوری دیدی ہے ۔ ڈسٹرکٹ کورٹ جج دیشمنوڈ ڈی کوسٹا نے فیب انڈیا کے مینجنگ ڈائرکٹر ولیم بسیل چیف اکزیکٹیو آفیسر سبرتادتا اور دیگر 5 عہدیداروں کو عبوری راحت فراہم کی ہے ۔ وکیل دفاع راجوپولیکر نے آج یہ اطلاع دی ۔ جب کہ ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرنے والے کمپنی کے دیگر عہدیداروں میں ریجنل مینجر روچیرا پجاری مارکیٹنگ چیف رام چندرا ، اسٹور انچارج کندن گپتا ای کامرس سربراہ ارون نائیکر اور کٹیگری ہیڈ آشیم اگروال شامل ہیں ۔ مذکورہ 7 عہدیداروں نے عریانیت کیس کے سلسلہ میں گوا پولیس کی جانب سے طلب کیے جانے کے بعد کل ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے درخواست داخل کی تھی ۔

عدالت نے آئندہ سماعت کی تاریخ 23 اپریل مقرر کی ہے کیوں کہ گوا پولیس کی کرائم برانچ اپنا جواب پیش کرنے میں ناکام ہوگئی تھی ۔ تاہم جج نے یہ حکم جاری کیا کہ تمام عہدیدار کل صبح 10 بجے تحقیقاتی آفیسر کے روبرو حاضر رہیں ۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ کورٹ نے فیب انڈیا کنڈولیم اسٹور مینجر چیترالی ساونت کی درخواست ضمانت منظور کی تھی ۔ جن سے کل کرائم برانچ نے پوچھ تاچھ کی تھی ۔ فیب انڈیا کے گارمنٹس اسٹور کے ٹرائیل روم میں مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے ایک خفیہ کیمرہ کی نشاندہی کی تھی جس کے ذریعہ تبدیلی لباس کی فلم بندی کی جارہی تھی ۔ اس خصوص میں گوا پولیس نے 4 ملازمین کو گرفتار کرلیا ۔۔