نئی دہلی۔27 مارچ( سیاست ڈاٹ کام ) سوئٹزرلینڈ کے خلاف اُس کی بینکوں میں ہندوستانیوں کی پوشیدہ رقومات کے بارے میں معلومات کا تبادلہ نہ کرنے پر اپنی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے وزیر فینانس پی چدمبرم نے اس یوروپی قوم کو انتباہ دیا ہے کہ اُسے ہمہ رخی فورموں جیسے G20 میں گھسیٹا جائے گا کہ اُس نے بار بار درخواستوں کے باوجود بے عملی کا رویہ اپنا رکھا ہے ۔ چدمبرم نے اپنے سوئیس ہم منصب ایویلین ویڈمر شلمپ کو دو صفحات کے سخت الفاظ پر مبنی مکتوب میں یاد دہانی کرائی کے G20 قائدین نے اپریل 2009 ء میں اعلامیہ منظور کرتے ہوئے بیان کیا تھا کہ بینکوں کے معاملات کو راز میں رکھنے کا دور ختم ہوچکا ہے ۔
چدمبرم نے اپنے مکتوب میں کہا کہ اگر یوروپی قوم کا یہی رویہ برقرار رہا تو ہندوستان دیگر اقدامات پر غور کرسکتا ہے جیسے سوئیٹزرلینڈ کو عدم تعاون کرنے والا ملک قرار دیا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ نے دونوں اقوام کے درمیان دوہرے ٹیکس کاری کو ٹالنے سے متعلق معاہدے کے قواعد کی پاسداری نہیں کی ہے ، جس کے تحت سوئیس بینکوں میں کھاتے رکھنے والے ہندوستانیوں کے تعلق سے معلومات ہندوستانی ٹیکس حکام نے طلب کی ہیں۔ 13 مارچ کی تاریخ والے مکتوب میں چدمبرم نے کہا کہ ہندوستان اور دیگر ملکوں کو سوئٹزرلینڈ کی جانب سے معلومات کی فراہمی سے ان بنیادوں پر انکار کہ درخواست میں جو معلومات طلب کی گئی ہیں وہ مسروقہ مواد پر مبنی ہے ۔