نئی دہلی۔19جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے بارے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی سفیر برائے ہند عبدالباسط نے ہفتہ کے دن کہا کہ اُن کا ملک ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کا پابند ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تمام تنازعات کی پُرامن یکسوئی ہوجائے گی ۔ بشرطیکہ ہندوستان میں اس کیلئے سیاسی عزم موجود ہو ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب دریں اثناء ہندوستان توقع ہے کہ پاکستان کے ساتھ تمام دیرینہ تنازعات کی باہمی یکسوئی کے عمل کو سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے باوجود آگے بڑھائے گا کیونکہ ہندوستان کیلئے ’’ جنگ کوئی متبادل نہیں‘‘ ہے ۔ دریں اثناء پاکستانی فوج نے ہفتہ کے دن ایک بار پھر خطہ قبضہ پر پونچھ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی ہندوستانی چوکیوں کو ہلکے اسلحہ سے فائرنگ کا نشانہ بنایا ۔ یہ گذشتہ 12گھنٹے کے دوران ایسا دوسرا واقعہ تھا ۔ سرحد پر کشیدگی میں اضافہ کے بعد پاکستانی رینجرس نے بی ایس ایف کی جانب سے عید کے موقع پر پیش کی جانے والی مٹھائی قبول کرنے سے انکار کردیا ۔ اجلاس کے بعد شاہی امام مسجد فتح پوری نے کہا کہ عید کے موقع پر ہم اُمید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوجائیں گے ۔ ہندوستان کیلئے پاکستانی سفیر عبدالباسط نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے پاس ’’سیاسی عزم ‘‘ موجود ہو تو کوئی وجہ نہیں کہ دیرینہ مسائل جیسے غربت ‘ ناخواندگی ‘ بیماریاں وغیرہ سے نجات حاصل نہ کی جاسکے ۔پاکستان ہمیشہ ان تمام مسائل کی یکسوئی کا پابند ہے ۔ سفیر پاکستان برائے ہند عبدالباسط کا یہ تبصرہ سرحد پر کشیدگی میں اضافہ کے پس منظر میں منظر عام پر آیا ہے ۔ ہندوستان نے انتباہ دیا ہے کہ پاکستان کو ’’ موثر اور منہ توڑ ‘‘ جواب دیا جائے گا ۔ اگر وہ اشتعال کے بغیر سرحد پار سے دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھے ۔ اعلیٰ سطحی سرکاری ذرائع نے کہا کہ حکومت ہند یقین رکھتی ہے کہ صرف بات چیت کے ذریعہ ہی پاکستان کے ساتھ تمام تنازعات کی یکسوئی ممکن ہے اور دونوں ممالک کے وزرائے اعظم ایک سمجھوتہ پر پہنچ چکے ہیں ۔ جب کہ اُن کی ملاقات روس کے شہر کوفا میں ہوئی تھی ۔ دریں اثناء امن مذاکرات کے غیر متاثر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ صرف بات چیت ہی تنازعات کی یکسوئی کیلئے پیشرفت کا راستہ ہے کیونکہ ہندوستان جنگ کو متبادل تصور نہیں کرتا ۔