خطرناک مجرم ارون گاؤلی کے فرزند کی شادی

ناگپور ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مجرموں کے سرغنہ سے سیاستدان بن جانے والے ارون گاؤلی جنہیں گذشتہ ہفتہ اپنے فرزند کی شادی میں شرکت کے لیے پیرول پر رہائی سے متعلقہ حکام نے انکار کردیا تھا ۔ اب وہ راحت حاصل کرنے کے لیے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں ۔ سابق رکن اسمبلی کو ایک قتل کیس میں عمر قید کی سزا ہوئی ہے ۔ ممبئی ہائی کورٹ کے ناگپور بنچ پر ایک عرضی داخل کی ہے تاکہ 9 مئی کو ممبئی میں اپنے فرزند مہیش کی تقریب شادی میں شرکت کے لیے پیرول پر رہائی کی اجازت حاصل کی جاسکے ۔ ارون گاؤلی فی الحال ناگپور سنٹرل جیل میں مقید ہیں ۔ انہیں شیوسینا رکن اسمبلی کملاکر جمسیند کرکے قتل کیس میں ممبئی میں ایک سیشن کورٹ نے 3 اگست 2012 کو دیگر 11 ملزمین کے ساتھ عمر قید کی سزا سنائی تھی ۔ مہاراشٹرا کے قانون انسداد منظم جرائم کی خصوصی عدالت کے جج پرتھوی راج چوہان نے سزائے قید کے ساتھ 17 لاکھ روپئے جرمانہ بھی عائد کیا تھا اور جرمانہ ادا نہ کرنے میں مزید 3 سال جیل کی سزاء بھگتنی پڑے گی ۔ گذشتہ ہفتہ گاؤلی نے ڈیویژنل کمشنر ناگپور انوپ کمار سے یہ درخواست کی تھی کہ اپنے فرزند کی شادی میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا کیا جائے لیکن پولیس کمشنر نے اس بنیاد پر ان کی درخواست مسترد کردی تھی کہ اگر انہیں رہا کردیا گیا تو ایک اور جرم کا ارتکاب اور سماج کو نقصان پہنچاسکتے ہیں ۔ جس کے بعد ارون گاؤلی اپنے وکلا رجنش ویاس اور میر نعمان علی کے ذریعہ عدالت سے رجوع ہوئے ہیں ۔۔