اجمیر۔ 5دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے اجمیر میں دسمبر 1993میں راجدھانی ایکسپریس ٹرین میں مسلسل بم دھماکوں کے اہم ملزم عبدالکریم ٹنڈا کی آج اجمیر کی خصوصی عدالت میں پیشی نہیں ہوسکی جبکہ اس کے دو ساتھیوں کی پیشی ہوئی۔ٹاڈ ا عدالت نے اگلی سماعت کی تاریخ27فروری مقرر کی ہے ۔خیال رہے کہ ملزم ٹنڈا نے سیریل بم دھماکہ میں اہم کردار ادا کیا تھا اور تب سے اب تک وہ پولیس کی خصوصی نگرانی میں رہتے ہوئے عمر دراز ہوگیا ہے ۔
بانی نیشنل کانفرنس شیخ عبداللہ کو
خراج عقیدت
سرینگر۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس (این سی) کے قائدین بشمول فاروق عبداللہ اور ان کے فرزند عمر عبداللہ نے آج نیشنل کانفرنس کے بانی مرحوم شیخ عبداللہ کو ان کی 112 ویں یوم پیدائش تقاریب پر خراج عقیدت پیش کیا۔ شیخ محمد عبداللہ جو ’’شیر کشمیر‘‘ کے لقب سے مشہور ہیں، فاروق عبداللہ کے والد اور نیشنل کانفرنس کے ورکنگ پریسیڈنٹ عمر عبداللہ کے دادا تھے۔ایک مختصر بیان میں سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر فاروق عبداللہ نے اپنے والد کو ڈل جھیل کے کنارے واقع نسیم باغ میں ان کے مقبرے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ پڑھی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شیر کشمیر محمد شیخ عبداللہ نے جموں و کشمیر کی آن بان اور عوام کے وقار کیلئے جدوجہد کی اور بے شمار قربانیاں دیں۔