حیدرآباد۔/27اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے گورنر نرسمہن سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی خشک سالی کو قومی آفات سماوی قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے صورتحال پرفوری قابو نہیں کیا گیا تو تلنگانہ دوسرا لاتور بن جانے کا دعویٰ کیا اور کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کے ساتھ ساتھ ٹاسک فورس کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی قیادت میں کانگریس قائدین کے وفد میں قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر ، سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا ، کانگریس کے ترجمان اعلیٰ ڈاکٹر شرون، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن مسٹر جی نارائن ریڈی، نائب صدر مسٹر نرسمہا ریڈی ، جنرل سکریٹری مسٹر مقصود احمد، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس مسٹر انیل کمار یادو کے علاوہ دیگر قائدین شامل تھے۔ کانگریس کے قائدین نے گورنر کو تحریری یادداشت پیش کرتے ہوئے 12 اہم مطالبات کئے جن میں تلنگانہ کی خشک سالی کو قومی آفات سماوی قرار دینے اور مرکز سے بھاری فنڈز حاصل کرنے پر زور دیا۔