خشک سالی صورتحال سے نمٹنے میں ریاستی حکومت ناکام

ریاستی بی جے پی وفد کی چیف سکریٹری کو یادداشت
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی بی جے پی نے خشک سالی سے نمٹنے میں ریاستی حکومت کے مجہول طریقہ کار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ خشک سالی سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی بجائے پلینری سیشن کا انعقاد عمل میں لا رہے ہیں جو کہ ایک نا مناسب بات ہے ۔ صدر ریاستی بی جے پی ڈاکٹر لکشمن کی زیر قیادت ایک بی جے پی وفد نے چیف سکریٹری تلنگانہ کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا کہ ربی اور خریف موسم کے پیش نظر کسانوں کی بھلائی کے لیے مناسب اقدامات کئے جائیں ۔ ریاستی بی جے پی نے موجودہ خشک سالی حالات میں موثر اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں زائد از ساڑھے تین سو منڈلس خشک سالی سے متاثرہ ہیں جب کہ ریاستی حکومت نے صرف 231 منڈلس کو خشک سالی سے متاثر ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ نہ ہی چیف منسٹر نے اور نہ وزراء نے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے ۔ بی جے پی وفد نے یادداشت میں بتایا کہ مرکزی حکومت نے خشک سالی علاقوں کی راحت کاری کے لیے 791 کروڑ کی امداد جاری کی تاہم ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ ریاستی بی جے پی نے حکومت سے ریاست میں خشک سالی صورتحال کا عملی سطح ٹیم کے ذریعہ جائزہ لیا جانے اور ایم این آر ای جی اے کے تحت فنڈس جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔