خشوگی کے قتل کا حکم کے بارے میں اردغان کا استفسار

انقرہ ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان نے آج سعودی عرب کے چیف پراسیکیوٹر سے رابطہ قائم کرتے ہوئے یہ معلوم کرنے کی اپیل کی کہ آخر صحافی جمال خشوگی کو قتل کرنے کا حکم کس نے جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے جو بھی تحقیقات کی جارہی ہے، اس میں کسی بھی ’’مخصوص شخصیت‘‘ کے سامنے آنے پر بھی ’’انہیں‘‘ بخشا نہ جائے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر وہ 15 لوگ کون تھے جو سعودی سفارتخانہ میں داخل ہوئے تھے؟ سعودی کے پبلک پراسیکیوٹر ہونے کے ناطے یہ سوال آپکو پوچھنا ہے اور اسکا جواب بھی آپ ہی معلوم کرسکتے ہیں۔ اردغان کا اشارہ ان 15 لوگوں کی جانب تھا جن پر خشوگی کو قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے انقرہ میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خشوگی قتل کیس میں کچھ ’’مخصوص شخصیتوں‘‘ کوبچانے سے کوئی فائدہ نہیں۔