حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون (سیاست نیوز) دونوںشہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں انتہائی خشوع و خضوع، عقیدت و احترام کے ساتھ شب برأت کا اہتمام عمل میں لایا گیا۔ شہر کی مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا اور دونوں شہروں میں مختلف مساجد میں محافل شب برأت کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تاریخی مکہ مسجد میں عوام کا کثیر اژدھام دیکھا گیا جہاں بعد نماز عشاء جلسہ فضائل شب برأت منعقد ہوا۔ مکہ مسجد کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر مرکزی جلسہ ہائے شب برأت منعقد کئے گئے جہاں مقامی و بیرونی علمائے کرام نے مخاطب کیا۔ جامع مسجد چوک میں امارات ملت اسلامیہ کے زیر اہتمام جلسہ فضائل شب برأت منعقد کیا گیا جس سے مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ نے مخاطب کیا۔ چنچل گوڑہ پلے گراؤنڈ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام جلسہ شب برأت منعقد ہوا جس میں مولانا شیخ غلام رسول حامی شیخ العالم یونیورسٹی کشمیر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ علاوہ ازیں نیپال سے تعلق رکھنے والے معروف عالم دین مولانا مفتی لیاقت حسین علی خاں قادری نے مخاطب کیا۔ کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام میلاد میدان خلوت میں جلسہ شب برأت منعقد کیا گیا جس میں حافظ و قاری مولانا سید محمد نورانی میاں اشرفی الجیلانی نے بحیثیت مہمان مقرر شرکت کرتے ہوئے مخاطب کیا۔ کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں جلسہ شب برأت منعقد ہوا جس میں بیرونی مہمان حضرت مولانا مفتی محمد شہروز عالم اکرمی نے شرکت کرتے ہوئے مخاطب کیا۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں رات دیر گئے تک بازار کھلے رہے اور نوجوانوں کو سڑکوں پر گھومتے دیکھا گیا۔ مقامی علمائے اکرام، مولانا ڈاکٹر سید حمید الدین شرفی ، مولانا سید ضیاء الدین نقشبندی ، مولانا خواجہ رضی الدین قادری ، مولانا محمد اخلاق شرفی ، مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ ، مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی ، مولانا محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد کے علاوہ دیگر نے مختلف مقامات پر جلسہ ہائے شب برأت سے خصوصی خطابات کئے۔