جنگل میں کچھ خرگوش رہتے تھے ۔ وہ بہت ہی شرارتی تھے ہر وقت کھیلتے کودتے رہتے تھے ۔ ایک مرتبہ وہاں سے ایک لومڑی کا گذر ہوا ۔ وہ خرگوشوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوئی ۔ اتنے سارے خرگوش ایک جگہ دیکھ کر اس کے من میں پانی بھر آیا ۔
اس نے فوراً ہی ان پر حملہ کردیا ۔ لیکن ناکام ہوئی کیونکہ خرگوش فوراً ہی چھپ گئے ۔ کئی بار کوششوں کے باوجود لومڑی ناکام ہوئی ۔لیکن اس نے فیصلہ کرلیا کہ وہ ان کو ضرور سبق سکھائے گی ۔ اسے ایک ترکیب سوجھی ۔ اس نے تمام خرگوشوں سے دوستی کرلی ۔ بے چارے خرگوش اس کی باتوں میں آگئے وہ معصوم اس کی مکاری کو سمجھ نہ سکے ۔ ایک دن اس نے تمام خرگوشوں کو اپنے گھر دعوت پر بلایا ۔ موقع دیکھتے ہی اس نے تمام خرگوشوں کو بند کردیا اور اپنے ساتھیوں کو بلاکر سب خرگوشوں کو چیر پھاڑ دیا ۔ بے چارے خرگوش لومڑی کی چکنی چپڑی باتوں میں آگئے اور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ لومڑی کی چالاکی اور مکاری نے خرگوشوں کا قصہ تمام کردیا ۔ بچو ! اسی طرح بہت سے انسان بھی اپنی چکنی چپڑی باتوں سے دوسرے لوگوں کو دھوکے میں مبتلا کردیتے ہیں ۔ آپ کو چاہئے کہ ایسے لوگوں سے ہوشیار رہیں ۔