حیدرآباد 17 مارچ ( سیاست نیوز ) ریاست میں آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جائیگا اور ماہ مارچ کے ختم تک درجہ حرارت 42 ڈگری سلئیس تک پہونچ سکتا ہے ۔ موسمیات کے سائینسداں نرسمہا راؤ نے آج بتایا کہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جائیگا ۔ ’ سیاست ‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دن بدن درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا جائیگا ۔ رائلسیما میں پہلے ہی درجہ حرارت 38 ڈگری سلسئیس تک پہونچ گیا ہے اور ماہ مارچ کے ختم تک یہ 42 ڈگری تک پہونچ جائیگا۔ یہ رجحان جون کے پہلے ہفتے میں مانسون کی آمد تک برقرار رہے گا۔ ریاست میں درجہ حرارت ماہ گرما کے عروج میں 46 تا 48 ڈگری سلئیس تک پہونچ سکتا ہے ۔
خاص طور پر مئی سے جون کے دوران گرمی کی لہر رہ سکتی ہے ۔ گرمی کی لہر کو ماقبل مانسون لہر کہا جاتا ہے جو مئی جون میں ہوتی ہے ۔ اس دوران درجہ حرارت 48 ڈگری سلئیس تک پہونچ سکتا ہے ۔ تاہم خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے حالات پر درجہ حرارت میں کمی کا انحصار ہے ۔ اس وقت کے دوران غیر موسمی بارش یا گرج چمک بھی عام بات ہے ۔ اگر اس طرح کی گرج چمک پیش آئے تو درجہ حرارت میں کمی ہوسکتی ہے ورنہ اس کے 48 ڈگری تک جانے کا اندیشہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال ریاست میں درجہ حرات میں اضافہ ہوگا کیونکہ سورج کی شمال کی سمت حرکت کی وجہ سے اس کی توانائی میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال خلیج بنگال یا آندھرا پردیش میں کوئی موسمی تبدیلی نہیں ہے ۔ مطلع صاف ہے اور آج کا درجہ حرارت 36 ڈگری کے آس پاس رہا ہے ۔ حیدرآباد میں جاریہ مہینے مارچ کے آخری ہفتے تک درجہ حرارت 39 ڈگری تک جاسکتا ہے ۔ اس دوران سٹیلائیٹ تجزیہ سے پتہ چلا ہے کہ اس بار ہندوستان میں مانسون مستحکم ہوسکتا ہے ۔
ساحلی آندھرا و تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں میں بارش کا امکان
حیدرآباد 17 مارچ ( سیاست نیوز ) ساحلی آندھرا اور تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ایک دو مقامات پر بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس دوران رائلسیما میں موسم خشک رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری اور کم سے کم 21 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ گذشتہ دن ساحلی آندھرا میں ایک دو مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ تلنگانہ و رائلسیما میں موسم خشک ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدرآباد و اطراف میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ۔