ختم دسمبر تک نئے راشن کارڈس کی اجرائی

چاول کا کوٹہ 6کلو فی کس ، ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( آئی این این ) : ریاستی وزیر فینانس سیول سپلائز ایٹالہ راجندر نے اعلان کیا کہ نئے راشن کارڈس کی ختم دسمبر تک اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔ راشن کارڈس ( فوڈ سیکوریٹی کارڈس ) پر ریاستی سکریٹریٹ میں کابینی سب کمیٹی اجلاس کی صدارت کے دوران وزیر فینانس نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور وزیر جنگلات جوگو رامنا بھی موجود تھے ۔ ریاستی وزیر فینانس نے مطلع کیا کہ کابینی سب کمیٹی اپنی رپورٹ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو پیش کردی ہے جب کہ چیف منسٹر نے کمیٹی کے تمام سفارشات کو قبول کرلیا ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ راشن کارڈس میں چاول کے کوٹہ کو چار کلو فی فرد سے بڑھا کر چھ کلو فی فرد کردیا گیا ہے ۔ سفید راشن کارڈ کی آمدنی حد کو دیڑھ لاکھ دیہی علاقوں میں 60 ہزار سے بڑھا کر1.5 لاکھ اور شہری علاقوں میں 75 ہزار سے 2 لاکھ کردیا گیا ہے ۔ اسی طرح 3.5 ایکڑ قابل کاشت اور 7.5 بنجر اراضیات رکھنے والے بھی سفید راشن کارڈس کے لیے اہل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ راشن ڈیلرس کو 20 فیصد کمیشن حاصل ہوگا ۔ ریاستی وزیر نے راشن ڈیلرس کو بلیک مارکیٹنگ کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ بوگس راشن ہولڈرس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔۔