حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ’’پرائیویٹ یونیورسٹی بل‘‘ (خانگی یونیورسٹی بل) متعارف کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ آج شام یہاں شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں واقع کوکاپیٹ کے مقام پر ’’راک ویل انٹرنیشنل اسکول‘‘ کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ مسٹر مہیش بگالہ نے کم عمری ہی میں معیاری تعلیمی ادارہ قائم کئے۔ چیف منسٹر نے راک ویل انٹرنیشنل اسکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت ،ریاست میں پرائیویٹ یونیورسٹی بل متعارف کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر برائے اُمور تعلیم کے سری ہری نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے۔ علاوہ ازیں تمام سرکاری مدارس میں بنیادی سہولتوں (انفراسٹرکچر) کی فراہمی پر اولین ترجیح دیتے ہوئے سرکاری مدارس کی حد بندی (باؤنڈری وال کی تعمیر) بیت الخلاؤں کی تعمیر اور مدارس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے علاوہ دیگر تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔