نئی دہلی 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )تمام خانگی ہندوستانی ایر لائنز کمپنیاں مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ شہری ہوابازی کے ریگولیٹری ادارہ ڈی جی سی اے کی جاریہ سال مالی آڈٹ میں یہ انکشاف ہوا ۔ منسٹر آف اسٹیٹ شہری ہوابازی مہیش شرما نے آج لوک سبھا کو تحریری جواب میں بتایا کہ تمام ایر لائنس کی مالی حالت اور ہوابازی کے شعبہ کو محفوظ بنانے کے سلسلہ میں ڈی جی سی اے نے آڈٹ کی تھی ۔ اس میں یہ پتہ چلا کہ تمام خانگی ایر لائنس مالی مشکلات کے مختلف مراحل میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان ایر لائنس کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور طیارے کی دیکھ بھال و حفاظتی پہلووں پر سمجھوتہ کئے بغیر مالی بوجھ کو کم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ دہلی ایر پورٹ پر کہر کی وجہ سے پروازوں کا رخ موڑ دینے کے واقعات 2011 میں 36 سے بڑھ کر جاریہ سال 125 ہوگئے ہیں۔ نئی ایر لائن شروع کرنے کیلئے 2011 سے اب تک جملہ 19 کمپنیوں نے درخواستیں دی ہیں۔