خانگی انجینئرنگ کالج کے طالب علم کی خود کشی ۔ ریاگنگ کا شبہ

حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد کے ایک خانگی انجینئرنگ کالج میں سینئرس کی مبینہ ریاگنگ کے سبب جونیر نے خودکشی کرلی۔ تعلیمی اداروں میں ریاگنگ کے خلاف مہم اور تعلیم یافتہ افراد میں شعور بیداری کے باوجود ایسے واقعات تشویش کا سبب ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 18 سالہ وی سائی ناتھ نے انتہائی اقدام کرکے خودکشی کرلی۔ پولیس نے اس کی نعش کو ریلوے پٹریوں سے برآمد کرلیا جو میرچل سے دور وڈے پلی میں دستیاب ہوئی۔ ریلوے پولیس کے پیغام پر میڑچل پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم اے سی سی پیٹ بشیرآباد مسٹر اشوک کمار کا کہنا ہے کہ پولیس کو تاحال کوئی شکایت یا ثبوت دستیاب نہیں ہوا جس سے کہ سینئر کو قصوروار ثابت کیا جائے۔ تاہم پولیس سائی ناتھ کی خودکشی واقعہ کی ہر زاویہ سے تحقیقات کریگی اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ اس واقعہ کی ایک تنظیم بالا حکولہ سنگم نے مذمت کی ہے اور اس کالج سی ایم آر انجینئرنگ کالج کو ریاگنگ کیلئے بدنام قرار دیا اور انتظامیہ پر مسلسل لاپرواہی کا الزام لگایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریلوے ٹریک پر دستیاب سائی ناتھ کی نعش کا سر دھڑ سے الگ تھا، پولیس کو اس کے قبضہ سے شناخت کارڈ اور خودکشی نوٹ برآمد ہوا۔ طالب علم پیر کو ہاسٹل سے نکلا تھا اور آج پولیس کو اس کی نعش ملی ۔ طالب علم نے خودکشی نوٹ میں سینئرس کی ہراسانی کو اپنی موت کی وجہ بتایا اور سینئرس پر اذیت رسانی کا الزام لگایا اور ریاگنگ کو بند کردینے کی اپیل کی۔ سائی ناتھ ضلع عادل آباد کے آر کے پورم علاقہ کا ساکن تھا جو سی ایم آر کالج میڑچل میں بی ٹیک میں زیرتعلیم تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔