حیدرآباد۔ یکم فروری (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ کے علاقہ ملکاجگری میں خانگی اسکول کے ظلم کی ایک اور داستان منظر عام پر آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ نویں جماعت کی طالبہ نے امتحان میں شرکت کی اجازت نہ دینے اور ساتھی طلبہ کے سامنے رسوائی سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق لڑکی نے خودکشی کی وجہ کو تحریر بھی کیا ہے۔ 15 سالہ طالبہ سائی دیپتی امتحان میں داخلہ نہ دینے سے دلبرداشتہ تھی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق دیپتی کے والد نے اس کی فیس ادا نہیں کی تھی۔ لڑکی جوکہ ماڈل اسکول ملکاجگری میں زیرتعلیم تھی، اور اسی اسکول انتظامیہ نے لڑکی کو امتحان میں شریک ہونے سے روک دیا اور کلاس کے دیگر طلبہ کے سامنے آنے سے روکتے ہوئے رسوا کیا۔ اس بات سے لڑکی نے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کیا۔ مقامی عوام کے احتجاج اور دیگر اولیائے طلبہ کی برہمی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے، تاہم ایسے واقعات کے تدارک کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔