گرمائی تعطیلات کے باوجود خدمات کا حصول ، محکمہ تعلیمات خاموش تماشائی
حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میںخانگی اسکولوں کے اساتذہ کی حالت انتہائی ابتر ہوتی جا رہی ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے نہ حکومت کی جانب سے کوئی کوشش کی جارہی ہے اور نہ ہی اس مقدس پیشہ سے وابستہ طبقہ کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کررہا ہے ۔خانگی اسکولوں میں گرمائی تعطیلات کے باوجود ملازمین و عملہ کو ابھی تک تعطیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں اور شہر کے بیشتر خانگی اسکولوں میں عملہ اور ملازمین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔خانگی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین بالخصوص اساتذہ کو تعطیلات کی عدم فراہمی پر انہیں تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اسکول میں خدمات انجام دینے کے لئے مجبور ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیم سے شکایت کی صورت میں ملازمت سے ہٹانے کی دھمکی دی جارہی ہے جس کے سبب خانگی اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سابق میں بھی اساتذہ سے اسکولوں کی مارکٹنگ اور داخلوں کیلئے گھر گھر گھومنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں اور اس عمل میں شہر کے کئی سرکردہ اسکولوں کے ذمہ دار ملوث تھے اور کارپوریٹ اسکولوں کی جانب سے بھی مارکٹنگ کا یہ طریقۂ کار اختیار کیا گیا تھا ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق گرمائی تعطیلات کے دوران بچوں کو تعطیلات کے فوری بعد امتحانی پرچوں کی جانچ اور نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی اساتذہ کو تعطیلات کی فراہمی عمل میں لائی جانی چاہئے لیکن عام طور پر خانگی اسکولوں میں نتائج کے اعلان کے بعد اساتذہ کو صرف 8دن کی تعطیلات دی جا تی ہیں اور اس کے بعد ان سے آئندہ سال کے نصاب کی تیاری اور داخلوں کے عمل کے نام پر خدمات حاصل کی جاتی ہیں اور جو اساتذہ اور ملازمین تعطیلات کے ان ایام میں خدمات کی انجام دہی سے انکار کرتے ہیں انہیں دو ماہ کی تنخواہ ادا نہیں کی جاتی جبکہ اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ سے تعطیلات کی بھی مکمل فیس وصول کی جاتی ہے۔ خانگی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ برادری کا کہناہے کہ جب تعلیم کے معیار کی بات آتی ہے تو خانگی اسکولوں کے تعلیمی معیار کو تسلیم کیا جا تاہے کہ لیکن اساتذہ کے لئے سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں جب مسئلہ پیش کیا جاتا ہے تو سرکاری اساتذہ کو جو مراعات حاصل ہیں وہ ان کے پیشہ کی ضرورت کے اعتبار سے ہیں لیکن جب خانگی اسکولوں میں وہی کام اور بہتر انداز میں انجام دینے والے اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں تو انہیں مراعات تو دور ان کی تعطیلات بھی انہیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں اور یہ کہا جا رہاہے کہ تعطیلات کے دوران کام انجام نہ دینے کی بنیاد پر انہیں تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔اس مسئلہ کے حل کیلئے ریاست کے محکمہ تعلیم کو فوری حرکت میں آتے ہوئے خانگی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے حقوق اورجائز مطالبات کی یکسوئی پر توجہ دینی چاہئے ۔