خاندانی منصوبہ بندی مسلمانوں کیلئے نہیں : اردغان

استنبول ۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان نے آج کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی اور مانع حمل مسلم خاندانوں کیلئے نہیں ہے ۔ آبادی میں اضافہ پر اُن کے اس تبصرے نے حقوق نسواں کی جدوجہد کرنیو الی کارکنوں کو برہم کردیا ہے ۔ اردغان نے کہاکہ یہ ماں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ترکی کی آبادی میں اضافہ کی رفتار کو یقینی بنائے۔ گزشتہ چند سال کے دوران ترکی کی ترقی میں 1.3 فیصد کی وسعت ہوئی ہے ۔ اردغان نے استنبول میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ واضح طورپر یہ بات کہنا چاہتے ہیں کہ ہمیں اپنی نسل میں اضافہ کرنا ہوگا ۔ لوگ مانع حمل ، خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں بات کرتے ہیں ۔ کوئی بھی مسلم خاندان اسے قبول نہیں کرسکتا اور یہ اُس کیلئے قابل فہم بھی نہیں ہے ۔ اردغان اور اُن کی اہلیہ ایمن کو 2 لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں ۔ اُن کی ایک دختر کی شادی جاریہ ماہ کے اوائل میں ہوئی ۔ اُن کی بڑی دختر جو شادی شدہ ہیں اُنھیں بھی تین بچے ہیں۔ اردغان نے خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں اس سے پہلے بھی جو تبصرے کئے تھے اُن پر خاتون تنظیموں نے تنقیدیں کی تھیں۔ جاریہ سال بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے اردغان نے کہاتھا کہ اُن کا یہ یقین ہے کہ ایک خاتون کا مقام و مرتبہ صرف ماں کی حیثیت سے ہی بلند و بالا ہے۔ 2014  میں انھوں نے برتھ کنٹرول کو دھوکا دہی قرار دیا جس کے ذریعہ ہم خود اپنی نسل کو مٹانے کی کوشش کررہے ہیں ۔