اسلام آباد 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے رہبر اعلٰی آیت اللہ خامنہ ای کے عسکری امور کے معتمدِ خاص نے خبرادر کیا ہے کہ اگر ایران اور امریکہ کی جنگ ہوئی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت سو ڈالر فی بیارل سے تجاوز کر جائے گی۔ اعلیٰ عسکری معاون یحییٰ رحیم صفہوی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ خلیج میں موجود امریکی عسکری بحری بیڑے ایرانی میزائل کی حدود میں ہیں۔ فران نیوز ایجنسی نے یحییٰ رحیم صفوی کے حوالے سے کہا کہ "خلیج فارس میں ایک بھی گولی چلنے سے تیل کی قیمت سو ڈالر سے بڑھ جائے گی اور یہ امریکہ، یورپ، جاپان اور جنوبی کوریا سمیت امریکی اتحادیوں کے لیے ناقابل برداشت ہو گا۔ ایران کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی جاری ہے اور امریکہ کے عسکری بحری بیڑے خلیج فارس میں ایران کی سمندری حدود میں موجود ہیں۔ ایران کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک سے جنگ کی بجائے مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتا ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ایران کے ساتھ جنگ کے امکان کو رد کر چکے ہیں تاہم حال ہی میں ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر جنگ ہوئی تو یہ ایران کا باضابطہ خاتمہ ہو گا۔