ڈھاکہ 4 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کی اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیا امکان ہے کہ ان کے خلاف رشوت کے الزامات سے متعلق مقدمہ میں عدالت میں حاضر ہونگی ۔ خالدہ ضیا کو گرفتاری کے وارنٹ کا سامنا ہے ۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے یہ بات بتائی ۔ 69 سالہ خالدہ ضیا بی این پی کی صدر نشین ہیں اور ضیا چیریٹیبل ٹرسٹ اور ضیا یتیم خانہ ٹرسٹ کے معاملات میں ان پر رشوت کے الزامات ہیں۔ بی این پی کی اسٹانڈنگ کمیٹی کے رکن نظر الاسلام خان کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا ہوسکتا ہے کہ خالدہ ضیا کل عدالت میں حاضر ہوں تاہم یہ سب کچھ صورتحال پر منحصر ہے ۔ تین مرتبہ کی سابق وزیر اعظم 3 جنوری سے اپنے گلشن آفس میں ہی مقیم ہیں ۔ خالدہ ضیا کے وکیل ثنا اللہ میاں نے کہا کہ خالدہ ضیا قانون کی پابند شہری ہیں۔ وہ عدالت کی سماعت میںحاضر ہونا چاہتی ہیں اور حاضر ہونگی ۔ تاہم زیادہ تر انحصار موجودہ صورتحال پر ہے خاص طورپر ان کی سکیوریٹی کا مسئلہ اہمیت کا حامل ہے ۔