خادم الحجاج کیلئے اہل سرکاری ملازمین سے درخواستوں کی طلبی

ہوم گارڈ بھی درخواست دینے کے اہل : پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد 26 اپریل (پریس نوٹ) حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی نے حج 2015 ء کے دوران مملکت سعودی عربیہ میں حجاج کرام کے قیام کے دوران ان کی مدد و رہنمائی کے مقصد سے خادم الحجاج کی تعیناتی کیلئے اہل سرکاری ملازمین سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا ہے کہ سرکاری ملازمین کے علاوہ عوامی شعبہ کے اداروں، دستوری اداروں کے ملازمین، پولیس ملازمین و ہوم گارڈس، محکمہ جنگلات اور محکمہ مال کے ملازمین بھی درخواست دینے کے اہل ہیں۔ تاہم ان کی تعیناتی مرکزی حج کمیٹی کی منظوری کے تابع ہوگی۔ اُنھوں نے بتایا کہ یکم جولائی 2015 ء کو امیدواروں کی عمر 25 تا 50 سال کے درمیان ہونی چاہئے اور اُنھوں نے حج ادا کرلیا ہو، فریضہ حج کی ادائیگی کا ثبوت پیش کیا جائے۔ ان کے پاس 31 مارچ 2016 ء تک کارکرد انٹرنیشنل پاسپورٹ بھی موجود رہنا چاہئے۔ منتخب خادم الحجاج کو کسی فرد خاندان کو اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش کے لئے علیحدہ علیحدہ خادم الحجاج کا تقرر ہوگا اور وہ جس علاقہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کی بنیاد پر ہی ان کے علاقہ کا تعین ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ ہر تین سو عازمین کے ساتھ ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جائے گا۔ امیدواروں کو عربی زبان کے علاوہ حج اُمور سے واقفیت لازمی ہے۔ اگر کسی خادم الحجاج کی کارکردگی کے تعلق سے قونصل جنرل انڈیا، حج کمیٹی آف انڈیا یا وزارت خارجہ کی جانب سے خراب رپورٹ وصول ہو تو ان کے سفر سعودی عربیہ پر ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے جو رقم خرچ کی جارہی ہے وہ ان سے واپس وصول کی جائے گی۔ درخواست فارم اور تفصیلات دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد (فون نمبر 040-23298793 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ درخواست فارم تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.telanganastatehajcommittee.com سے بھی ڈاؤن لکوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ درخواستیں تمام ضروری دستاویزات منسلک کرتے ہوئے دفتر حج کمیٹی میں داخل کی جائیں۔