گولکنڈہ میں نوجوان گرفتار، ڈی سی پی ڈیٹکٹیو کا بیان
حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے اور اُنھیں بلیک میل کرنے والے محمد الطاف خان کو حراست میں لیتے ہوئے اُسے نربھئے ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ 26 سالہ الطاف خان ساکن بڑا بازار گولکنڈہ ایک شادی شدہ خاتون کو بلیک میل کررہا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ درخواست گذار خاتون سابق میں الطاف خان سے فرینڈشپ کی تھی اور اس دوران اُس نے لڑکی کے ساتھ تصاویر بھی لئے تھے۔ الطاف خان نے خاتون کو بلیک میل کرتے ہوئے رقم ادا نہ کرنے پر اُس کے تصاویر کو فیس بُک اور دیگر سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرنے کی دھمکی دی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اُسے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ الطاف خان کو اسی خاتون کی شکایت پر سابق میں گرفتار کیا گیا تھا اور یہ مقدمہ عدالت میں زیردوران ہے۔ اس کے باوجود بھی وہ اُسے دوبارہ بلیک میل کرنے لگا۔ شی ٹیم نے الطاف خان کو گرفتار کرتے ہوئے اُسے عدالتی تحویل میں دے دیا۔