دانتے واڑہ(چھتیس گڑھ)۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) خاتون نکسلائٹ کو سی عرف منگلی جو مالنگیر علاقہ کی ماؤسٹ کمیٹی ممبر ہے، سکیورٹی فورسیس اور دیہاتیوں پر حملہ کی ذمہ دار ہے جس کے باعث اس کے سر پر 5 لاکھ روپئے کا انعام رکھا گیا تھا۔ اس کو آج آرن پور پولیس اسٹیشن علاقہ سے گرفتار کرلیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ اور مقامی پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کے بعد خطرناک خاتون نکسلائیٹس کو گرفتار کرلیا۔ پولیس حکام کے مطابق کوسی ضلع کے بارم، نیلادیا، پوٹالی، نہدی اور ککاڈی دیہات میں سرگرم عمل رہی ہیں۔ وہ علاقہ میں سکیورٹی فورسیس اور دیہی عوام کے قتل میں ملوث رہی ہے، اس کے علاوہ وہ مارچ 2016ء میں مسل واڑہ سرنگ دھماکہ میں بھی ملوث رہی جس کے باعث 7 سی آر پی ایف جوان ہلاک ہوگئے تھے۔