جئے پور ۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک 34 سالہ راجستھان پولیس کی خاتون سب انسپکٹر نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ سال سے اس کا ایک ساتھی سب انسپکٹر اس کی مبینہ طور پر مسلسل عصمت ریزی اور بلیک میل کر رہا ہے ۔ خاطی انسپکٹر کی شناخت 32 سالہ مہاویر پرساد کی حیثیت سے عمل میں آئی ہے جو سری گنگا نگر میں سب انسپکٹر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ۔ متاثرہ خاتون سب انسپکٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 12 ڈسمبر کو مہاویر نے اس کی (خاتون) رہائش گاہ پر اسے کوئی نشیلی مٹھائی کھلائی اور اس کے بعد عصمت ریزی کی۔ اس نے کہا کہ وہ اپنے شوہر سے دور یہاں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہی ہے اور مہاویر سال سے اس کی مسلسل عصمت ریزی کے علاوہ بلیک میل بھی کر رہا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ملزم اور متاثرہ خاتون کا تعلق ایک ہی بیاچ سے ہے اور دونوں نے ساتھ ساتھ اپنی پولیس ٹریننگ مکمل کی اور اچھے دوست ہیں۔ پولیس نے مہاویر کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر مہیلا تھاتہ میں رپورٹ کرے جبکہ متاثرہ خاتون سب انسپکٹر کی طبی جانچ کی جائے گی۔