موصل ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک عراقی آفیسر کے بیان کے مطابق شہر سے انخلاء کرنے والے شہریوں کی بھیڑ بھاڑ میں چھپی ہوئیں دو خاتون خود کش حملہ آوروں نے موصل میں عراقی فوج کو نشانہ بناتے ہوئے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس میں ایک عراقی فوجی ہلاک ہوگیا ۔ سرجنٹ علی عبداللہ حسین نے بتایا کہ دولت اسلامیہ کی جانب سے یہ تازہ ترین حملہ تھا جس نے عراقی فوج کو نشانہ بنایا کیوں کہ عراقی فوج اب دولت اسلامیہ کے قبضہ والے آخری علاقہ پر بھی قابض ہونے کے قریب ہے جو پرانے شہر میں واقع ہے اور اس طرح دولت اسلامیہ کے قبضہ والے علاقوں کا رقبہ سکڑ کر صرف ایک مربع کیلو میٹر تک ہی محدود ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہید کی گئی النوری مسجد کے قریب ہی خاتون خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکہ سے اڑالیا ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین دنوں کے اندر عراقی فوج کو نشانہ بناتے ہوئے کم و بیش چار حملے کیے جاچکے ہیں جب کہ سینکڑوں شہری پرانے شہر کے علاقہ میں لڑائی میں شدت کی وجہ سے وہاں کا تخلیہ کرنے پر مجبور ہیں ۔